شملہ مرچ ہر گھر میں استعمال ہونے والی مزیدار سبزی ہے جسے کچا بھی کھایا جاتا ہے اور پکا کر بھی۔ جیسے بھی کھائیں اس کی لذت برقرار رہتی ہے۔ اس کو اکثر لوگ سلاد کی بھی زینت بناتے ہیں۔ اس کو مختلف قسم کے پاستا،سلاد، آملیٹ اور دیسی اور بدیسی دونوں طرح کے کھانوں میں ڈالا جاتا ہے۔ اس سے کھانوں کا لطف اور ذائقہ دوبالا ہو جاتا ہے۔
دیسی کھانوں میں آلو اور شملہ مرچ، شملہ مرچ اور قیمہ، قیمہ بھری شملہ مرچ، اس کے علاوہ بدیسی کھانوں میں تو تقریباً ہر دوسرے کھانے میں شملہ مرچ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ہمارے یہاں لوگ عام طور پر چائینیز کھانوں میں اسے زیادہ پسند کرتے ہیں۔
شملہ مرچ مختلف رنگوں میں آسانی کے ساتھ مل جاتی ہے ، جیسے کہ زرد،سرخ، سبز اور اورنج اس سے کھانوں کی خوبصورتی بڑھ جاتی ہے۔ لیکن خوبصورتی کے ساتھ ساتھ یہ غذائیت سے بھی بھرپور ہے۔ اس کو اگر غزائیت اور لذت کا خزانہ کہیں تو غلط نہ ہوگا۔ اس میں وٹامن سی کی بھی بھرپور مقدار موجود ہوتی ہے اس کے علاوہ بیٹا کیروٹین،وٹامن اے اور بہت سے دوسرے اہم غذائی اجزاء موجود ہیں۔
شملہ مرچ کے بے انتہا فوائد:
1۔ بیٹا کیروٹین اور وٹامن اے کی موجودگی کے سبب اس سے آنکھوں کی بینائی بہتر ہوتی ہے۔ یہ پردہ بصارت کو بہتر بناتی ہے جس کی وجہ سے اس کا مسلسل استعمال نظر کی کمزوری کو بہتر کردیتا ہے۔
2۔ وٹامن سی کی وجہ سے آپ کی جلد خوبصورت، صاف شفاف اور بے داغ ہو جاتی ہے۔
3۔ یہ سبزی اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہے جس کی وجہ سے انسانی سیلز اور ٹشوز تباہ ہونے سے بچ جاتے ہیں۔
4۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم میں ہونے والی کسی بھی انفیکشن سے بچانے اور زخم بھرنے میں مدد کرتے ہیں۔
5۔ اس میں موجود پوٹاشیم بلڈ پریشرکو کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اگر اس کو روزانہ سلاد میں استعمال کیا جائے تو یہ بلڈ پریشر کے مرض کو کافی حد تک کنٹرول کر سکتا ہے۔
6۔ یہ سبزی کولیسٹرول کی سطح کو کم رکھنے میں مدد گار ہے۔ اسی لئے ہارٹ اٹیک اور اسٹروک کے خطرات میں کمی آتی ہے۔
7۔ اس میں موجود فائبر نظامِ انہظام کو بہتر بنا کر میٹا بولزم کو فعال بناتا ہے، جو وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
8۔ شملہ مرچ بیٹاکیروٹین سے بھرپور ہوتی ہے، جسم میں جا کر یہ بیٹاکیروٹین وٹامن اے میں تبدیل ہو جاتا ہے جو جلدی صحت مند ہونے میں مدد کرتا ہے۔ یہ بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے اور جِلد میں نمی کو سطح کو برقرار رکھتا ہے۔ وٹامن سی جسم میں کولاجن بننے میں بھی مدد دیتا ہےاور جھریاں بننے کے عمل کو بھی سست کرتا ہے۔