پرانے وقتوں میں جب ڈاکٹروں کا اتنا رواج عام نہیں تھا تو ہر مرض کا علاج گھر میں ہی ڈھونڈ لیا جاتا تھا۔ ہمارے بڑوں کو ہر طرح کے مسئلے کا حل معلوم تھا اس کے ساتھ ان کو ہر پھل، ہر مصالحے اور ہر سبزی کی خصوصیت بھی پتہ ہوتی تھی کہ کس سے کیا فائدہ پہنچ سکتا ہے ؟ ایسے ہی کچھ کارآمد اور آزمودہ گھریلو نسخے جو ہماری دادی نانی بھی آزماتی تھیں وہ ہم آج ہم کو آپ کو بتائیں گے ، آپ بھی آزمائیں اور اپنا مسئلہ فوری حل کریں۔
کوئی پھانس یا کانچ کا باریک ٹکڑا چبھ جائے تو
پیر یا ہاتھ میں کبھی کوئی کام کرتے ہوئے اکثر پھانس چبھ جاتی ہے یا پھر کوئی کانچ کا باریک ذرہ اندر چبھ جاتا ہے جو کہ نظر بھی نہیں آتا لیکن بہت تکلیف دیتا ہے۔ اور اس کو نکالنا بھی بڑا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس کا بھی آسان سا حل موجود ہے کہ شیشے کی کوئی بوتل لے کر اس کو کنارے تک گرم پانی میں بھر لیں اور جس جگہ پھانس یا کانچ چبھا ہو وہاں اس کو رکھ کر دباؤ ڈالیں تاکہ کچھ ویکیوم پیدا ہو۔ اس سے جو بھی چیز اندر چبھی ہے وہ خود ہی باہر آجائے گی۔
جوؤں کے خاتمے اور بالوں کے لئے
ایک لیموں لے کر اس کو درمیان سے کاٹ لیں اور اس کا رس بالوں کی جڑوں میں لگائیں ،دو گھنٹے تک لگا رہنے دیں پھر نیم کے پتے ابال کر اس کے پانی سے سر دھوئیں ۔خیال رہے کہ یہ پانی آپ کی آنکھوں میں نہ جائے ،اس سے جوؤں کا مکمل خاتمہ بھی ہو گا اور بالوں میں چمک بھی آ جائے گی۔
چٹخا ہوا انڈا استعمال کرنا
اگر آپ بھی اس بات سے پریشان ہیں کہ انڈا ابلتے وقت ٹوٹ جاتا ہے اور ساری سفیدی باہر نکل آتی ہے تو اس کا ایک حل ہے کہ انڈا ابالتے وقت پانی میں ذرا سا سرکہ ملا دیں تو انڈا نہیں ٹوٹے گا اور چھیلنا بھی آسان ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ اگر انڈا چٹخ گیا ہے اور اس کو ابالنا ہے تواس کے لئے بھی بہت آسان حل ہے کہ کسی المونیم فوائل میں انڈا لپیٹ کر پانی میں ڈال کر ابال لیں ۔