اللہ تعالیٰ نے اس دنیا کی ہر چیز کو اپنی حکمت سے بنایا ہے ہر موسم اور موسم کی ضرورت کے مطابق پھل پیدا کیے ہیں۔ سردی کے موسم میں اللہ تعالیٰ نے بطور خاص ایسے پھل پیدا کیے ہیں جو کہ رس دار ہوتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ سرد موسم میں انسانی جسم کو ایکسٹرا وٹامن سی کی ضرورت ہوتی ہے اور ان پھلوں میں ان کی مقدار زیادہ ہوتی ہے-
ان پھلوں میں چکوترہ، کینو ، نارنگی اور موسمبی شامل ہے ۔ موسمبی جس کو سوئٹ لائم کہا جاتا ہے۔ دیگر رس دار پھلوں سے اس حوالے سے بھی مختلف ہے کہ اس کا ذائقہ میٹھا ہوتا ہے جب کہ اس گروہ کے باقی تمام رس دار پھل ترش ہوتے ہیں ۔ موسمبی جو کہ سردی کے موسم میں آتی ہے اپنے اندر بہت سارے ایسے فائدے رکھتی ہے جو اس کو انتہائی مفید بناتے ہیں –
1: نظام ہاضمہ کو درست کرتا ہے:
موسمبی کے اندر ایک خاص فائبر ہوتا ہے جو کہ دو بڑے فائدے اپنے اندر رکھتا ہے ایک تو اس سے نظام ہاضمہ مظبوط ہوتا ہے اور معدے کے امراض میں فائدہ مند ہے اور دوسرا اس کا فائبر بذات خود دیر سے ہضم ہونے والا جز ہے جس کی وجہ سے پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے اور جلدی بھوک نہیں لگتی اسی وجہ سے موسمبی کھانے سے موٹاپے میں بھی کمی واقع ہوتی ہے-
2: کولیسٹرول اور گلوکوز کی مناسب مقدار:
موسمبی کے اندر ایسے اجزا موجود ہوتے ہیں جو جسم میں گلوکوز اور کولیسٹرول کی مقدار کو مناسب مقدار میں درست رکھتے ہیں اس سبب اس کا استعمال ہائی بلڈ پریشر اور شوگر کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے –
3:جلد کی حفاظت:
موسمبی صرف کھانے سے نہیں بلکہ لگانے سے بھی فائدہ ہوتا ہے اس میں موجود سٹرک ایسڈ کلینزنگ ایجنٹ کا کام کرتا ہے اس کے لیۓ موسمبی کے بیچ کے دو ٹکڑے کر کے سات سے آٹھ منٹ تک چہرے پر مساج کرنے سے جلد صاف اور چمکدار ہوجاتی ہے اور جلد کی تازگی میں اضافہ ہوتا ہے-
4: سیاہ رنگت کو سفید کرتی ہے:
موسمبی گرمی کے سبب کالی ہوئی رنگت کو سفید کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے اس کا ماسک لگانے سے جلد کی اصل رنگت واپس آ جاتی ہے اس کا ماسک بنانے کے لیے اس کے چھلکوں کو باریک پیس لیں اور پھر اس میں ایک چٹکی ہلدی اور ایک چمچ شہد ملا کر پتلا سا آمیزہ بنا لیں اور اس کو چہرے پر لگائيں ۔ کچھ دیر بعد تازہ پانی سے دھو لیں کچھ دنوں تک اس عمل کو دوہرانے سے جلد کی اصل رنگت واپس لوٹ آئے گی-