سیدنا حضرتِ ابو اُمامہ رضی اللہُ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ مصطفےٰ جانِ رحمت, مراد المشتاق ,راحۃ العاشقین ، صاحب الجود والکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ واصحابہ وبارک وسلم نے فرمایا جس کا مفہوم یوں ہے کہ: جس کسی نے بھی” لَا الٰهَ اِلا اللهُ وَحْدَہٗ لَا شرِیْكَ لَه لَهُ الْمُلكُ وَلَه الْحَمدُ وَھوَ علٰی کُل شَیْء قَدِیْر“
(ترجمہ: اللہ تبارک و تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں ۔ وہ اکیلا ہے اور اس کا کوئی شریک نہیں ۔ اُسی کے لیے بادشاہی ہے اور اسی کے لئے حمد بھی ہے اور بے شک وہ ہر چیز پر قادر بھی ہے۔) کہا تو اس کلمہ سے زیادہ کوئی عمل آگے نہیں بڑھ سکتا اور اس کے ساتھ کوئی گناہ باقی نہیں رہے گا۔
(مجمع الزوائد، 10/94، حدیث: 16824)
سیدنا حضرتِ بَراء بن عازِب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ مدینہ کے تاجدار، سرکارِ عالی وقار، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ واصحابہ وبارک وسلم نے فرمایا مفہوم کچھ یوں ہے: جس کسی نے دودھ یا چاندی صدقہ کیا یا کسی اندھے کو راستہ بتایا تو یہ ایک غلام آزاد کرنے کے جیسا ہے اور جس نے ”لَاالٰهَ اِلا اللهُ وَحْدَہ لَاشَریْكَ لَه لَهُ الْمُلك وَلَه الْحَمْدُ وَھوَ عَلٰی کُل شَیْءٍ قَدِیْر “ کہا تو یہ بھی ایک غلام آزاد کرنے کی ہی طرح
ہے۔ (مسند امام احمد، 6/408، حدیث: 18541)
سیدنا حضرتِ عَمْرو بن شُعیب رضی اللہُ تعالیٰ عنہما بواسطہ والد اپنے دادا جان سے روایت کرتے ہیں کہ بیبی آمنہ کے لعل، رسول بے مثال، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ واصحابہ وبارک وسلم نے فرمایا جس کا مفہوم اس طرح ہے کہ بہترین دُعا یومِ عَرَفہ کی دعا ہے اور سب سے بہترین کلمہ جو میں نے اور مجھ سے پہلے انبیاء کرام علیہمُ السّلام نے پڑھا : (وہ یہ ہے کہ ) ”لَااِلٰهَ اِلا اللهُ وَحدَہٗ لاشرِیْكَ لَه لَهُ الْملْكُ وَلَه الْحَمْد وَھُوَ عَلٰی کُل شَیْءٍ قَدِیْر“ (ترمذی، 5/339، حدیث: 3596)