شہد میں قدرتی طور پر فرکٹوس اور گلوکوس ، وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹ موجود ہوتا ہے۔ شہد کئی قسم کی بیماریوں سے بچاؤ میں فائدہ مند ہے ۔ ماضی میں بھی اسے لا تعداد جسمانی اور ذہنی بیماریوں اور تکالیف کے لیے دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ جب کہ اس کا مزہ اور ذائقہ بھی اس کی مقبولیت اور پسندیدگی کی ایک اہم وجہ ہے۔
خوبصور ت اور دلکش جلد :
شہد کئی خواتین کی صحت مند اور چمکتی جلد کا راز ہے ۔ اسے قدرتی موئسچرائزر ، ایکسفولیئنٹ اور اینٹی ایجنگ ایجنٹ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے ۔ شہد کو کئی مصنوعات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔ شہد کے استعمال سے جلد نرم و ملائم ،صاف شفاف اور چمکدار ہوجاتی ہے ۔ یہ سورج کی خطرناک UV شعاعوں سے جلد کی حفاظت کرتا ہے اور بے رونق اور خشک جلد کو تازہ دم کرتا ہے ۔
کیل ، مہاسوں سے بچاؤ :
کیل مہاسے محض چہرے پر ہی نہیں بلکہ جسم کے دیگر حصوں پر بھی نکل آتے ہیں ۔ ان سے بچنے کے لیے شہد کا استعمال انتہائی مفید ہے ۔ شہد جلد کے تباہ خلیے اور ان میں موجود میل کچیل کو صاف کر کے جلد کو تروتزہ کرتا ہے ۔ شہد ایک زبردست اینٹی سپٹک ہے جو جلد کو آلودگی سے محفوظ رکھتا ہے جو کہ کیل مہاسوں کی ایک اہم وجہ ہے ۔
مضبوط اور صحت مند بال :
موسم کے باعث روکھے اور بے رونق ہوجانے والے بالوں کے لیے شہد ایک بہترین علاج اور غذا ہے ۔ یہ خشکی کو دور کرتا ہے اور بالوں میں نمی برقرار رکھتا ہے ۔ بال اکثر دھونے کے بعد خشک ہوجاتے ہیں لیکن شہد کا استعمال انہیں نرم وملائم رکھتا ہے ۔ شہد سے بالوں کا رنگ بھی زیادہ عرصے تک برقرار رکھا جا سکتا ہے ۔ سفید اور گرتے بالوں کے لیے شہد کا استعمال انتہائی مفید ہے ۔ جو لوگ بالوں پر رنگ کرتے ہیں ان کے لیے بھی شہد کا استعمال بہت ضروری ہے ۔ یہ نقصان دہ کیمیکل کا مقابلہ کرکے بالوں کو ان کی اصل حالت میں برقرار رکھتا ہے ۔
چمکدار آنکھیں :
حیرت انگیز طور پر مصریوں کا یہ ماننا تھا کہ شہد کے ذریعے آنکھوں کی کئی بیماریوں کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے ۔ آنکھوں پر شہد لگانے سے نہ صرف آنکھیں محفوط ہوتی ہیں بلکہ بینائی بھی بہتر ہوتی ہے ۔ کمزور بینائی رکھنے والے لوگوں کے لیے شہد انتہائی مفید ہے ۔ اس سے آنکھوں کا انفیکشن ، آنکھوں کا لال ہونا اور آشوب چشم جیسی تکالیف پر بھی قابو پایا جاسکتا ہے ۔