ادرک عام گھروں میں استعمال ہونے والی ایسی سبزی ہےجو بدہضمی سے لے کر جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط بنانے تک متعدد فوائد کی حامل ہے۔ ادرک کے فائدےاور خصوصیت کے لحاظ سے صرف اتنا کہنا ہی کافی ہوگا کہ اللہ تعالیٰ نے جنت میں پائی جانے والی نعمتوں کے حوالے سے ارشاد فرماتے ہوئے کہا کہ ”وہاں انہیں ایسا مشروب پلایا جائے گا جس میں ادرک بھی ملا ہوا ہو گا۔
پرانے زمانہ میں ادرک کو پٹھوں اور جوڑوں کی تکالیف کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، تاہم اب ایک تازہ سائنسی تحقیق نے بھی ادرک کے طبی فوائد پر ریسرچ کر کے اسے جوڑوں اور پٹھوں کی تکالیف سے نجات کا موثر ذریعہ قرار دیا ہے۔ چین کی ایک مشہور جڑی بوٹی جن سنگ جو متعدد امراض میں دوا کے طور پر استعمال کی جاتی ہے دراصل ادرک ہی کی ایک قسم ہے۔امریکی ریاست جارجیا میں کی جانے والی اس حالیہ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ ادرک کا روزانہ استعمال پٹھوں کے ساتھ ساتھ جوڑوں کی تکالیف سے حفاظت کابھی انتہائی مؤثر ذریعہ ہے۔
ایک طبی جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ادرک کا روزانہ استعمال پٹھوں کے درد میں 20 سے 25 فیصد تک کمی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ادرک کی چائے کے بھی حیرت انگیز فوائد ہیں. غذائی ماہرین کے مطابق ادرک میں گٹھیا اور جوڑوں کا درد کم کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے، ادرک میں موجود جنجرول نامی مرکب سوزش اور درد دور کرتا ہے۔ ایک اور تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جب گھٹنوں کی تکلیف میں مبتلا لوگوں کو ادرک کے اجزا کھلائے گئے تو تکلیف میں کمی محسوس ہوئی۔