گھر کی صفائی کیلئے مہنگی اشیاء کی بجائے ان چیزوں کو آزمائیں۔ گھر کی صفائی کرنے کے لئے صرف ویکیوم کلینر کا ہونا ہی کافی نہیں بلکہ کچھ ایسے طریقے بھی استعمال کرنے چاہئیں جن سے اس کی افادیت میں اضافہ ہوسکے،آئیے آج آپ کو کچھ ایسے طریقے بتاتے ہیں جن پر عمل کرکے آپ اپنے گھر کو صاف ستھرا بناسکیں گے۔ان چیزوں کی مدد سے آپ اپنے گھر کو شیشے کی طرح چمکا سکتی ہیں۔
ٹوتھ پیسٹ کے ذریعے:
اگر آپ اپنے واش روم کی الماریوں کو چمکدار بنانا چاہتے ہیں تو الماریوں پر ٹوتھ پیسٹ لگاکر انہیں کسی کپڑے سے صاف کریں، یہ شیشے کی طرح چمکنے لگیں گی۔گھر کی دیگر الماریوں کوبھی آپ اسی طریقے سے صاف کر سکتے ہیں۔
بیکنگ سوڈا:
اگر آپ کے صوفے پر کوئی شربت گر جائے تو پریشان نہ ہوں بلکہ اس پر تھوڑا بیکنگ سوڈا چھڑک دیں اور پھر گیلے کپڑے سے صاف کرنے سے یہ صاف ہو جائے گا۔
کپڑوں کی صفائی:
اگر کپڑوں پر کوئی سخت چیز یا رنگ لگ جائے تو کسی بھی پرانے ریزر کو کپڑوں کے اوپر ملیں،ضدی داغ بھی اتر جائیں گے۔
سٹیل کے برتن:
اگر سٹیل کے برتن میلے یا سیاہ ہو جائیں تو آلو چھیل کر ان پر رگڑنے سے یہ چمکدار ہو جاتے ہیں۔
چکنے فرش کی صفائی:
اگر فرش پر گھی یا تیل گر جائے اور صاف نہ ہو رہا ہو تو اس پر پیپسی یا کوکا کولا ڈالیں اور تھوڑی دیر بعد صاف کریں،فرش بالکل نئے جیسا ہوجائے گا۔
واشنگ مشین:
اگر واشنگ مشین گندی ہو گئی ہو تو اس میں ماﺅتھ واش ڈالیں اور پھر اسے کسی برش سے رگڑ کر صاف کرلیں اس سے یہ چمکدار ہوجائے گی۔
شاور کی صفائی:
کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے کہ شاور پانی کے نشانات سے گندا ہوجاتا ہے،ایسی صورت میں پلاسٹک بیگ میں سرکہ ڈال کر اس میں چند قطرے لیموں کا رس ڈالیں اور اس میں شاور کو رات کو بھگو دیں۔اگلی صبح اس شاور کو کسی برش سے رگڑ کر صاف کرلیں، یہ بالکل نئے جیسا لگنے لگے گا۔
شیشے کے ٹکڑے اٹھانا:
شیشہ ٹوٹنے کی صورت میں اس کی باریک کرچیاں اٹھانا ایک نہایت مشکل کام ہے لیکن اگر آپ بریڈ کے ٹکڑے سے اٹھائیں گے تو باریک کرچیاں بھی بریڈ سے لگ جائیں گی اور وہ جگہ بالکل صاف ہوجائے گی۔