قرآن پاک میں اللہ رب العزت نے فرمایا ہے جس کا مفہوم یہ ہے کہ : (اے پیغمبر صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم لوگوں سے) کہہ دیں کہ اگر تم اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری (حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی پیروی کرو ۔ اللہ (تعالیٰ) بھی تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناہوں کو معاف فرما دے گا.
اس آیت سے ہمیں معلوم ہوا کہ اللہ کی محبت حاصل کرنے کا واحد ذریعہ نبی کریم ، خاتم النبیین رحمتہ العالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی اطاعت اور فرمانبرداری ہے ۔ نبی کریم رحمۃ اللعالمین ، راحۃ العاشقین ،مراد المشتاقین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی فرمانبرداری سے ایک بات تو ثابت ہوتی ہے کہ ہم اللہ سے محبت کرتے ہیں ۔ دوسرا اس فرمانبرداری اور اطاعت کی وجہ سے اللہ بھی ہم سے محبت کرنے لگتا ہے اور اس کے بعد پھر ہمارے گناہ بھی معاف کر دیتا ہے.
ہمارے لیے رسول اللہ ، رحمۃ اللعالمین، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی اطاعت اور فرمانبرداری اس لیے بھی ضروری ہے کیونکہ نبی کریم ،خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم اپنی مرضی سے کچھ نہیں کہتے بلکہ نبی کریم ،خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم صرف وہی کچھ کہتے ہیں جس کا اللہ انہیں حکم فرماتا ہے.
رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کے فیصلوں کو ماننا اور ان پر عمل کرنا ہی اصل دین اسلام ہے ۔ کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک کہ وہ اپنی زندگی کے تمام معاملات میں رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کے فیصلوں کو تسلیم نہ کر لے اور آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کے فیصلوں پر عمل نہ کرے ۔
نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی اطاعت کرنے والے جنت میں داخل ہوں گے اور جو آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی اتباع اور پیروی نہیں کرے گا وہ جہنم میں داخل ہو گا ۔ نبی کریم خاتم النبیین، راحتہ العاشقین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی زندگی میں ہمارے لیے بہترین نمونہ موجود ہے جس پر چل کر ہم دونوں جہانوں کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔ صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی پیروی کو اپنے لیے باعث فخر سمجھتے تھے ۔
صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کھانے پینے،چلنے پھرنے میں، گفتگو کرنے کے انداز میں ، لباس پہننے کے طریقے میں ، سونے جاگنے کے آداب میں غرض کہ ہر ہر معاملے میں نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی پیروی کیا کرتے تھے ۔ ہر مسلمان پر یہ لازم ہے کہ وہ نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی پیروی کرے تاکہ اسے دونوں جہانوں کی راحتیں اور خوشیاں نصیب ہو سکیں ۔ کیونکہ نبی کریم، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی اطاعت ہی اصل میں اللہ تعالیٰ کی اطاعت ہے ۔