باورچی خانے کی دیواروں پر تیل کے داغ ہوں یا گیس والے چولہے کی صفائی، اب آسانی سے ہو سکتی ہے۔ باورچی خانہ ہر گھر کا ایک اہم حصہ ہے جہاں کچھ ہو نہ ہو صفائی لازمی ہونی چاہیے۔ اس کے بغیر دل ہی نہیں چاہتا کہ کچن میں قدم بھی رکھا جائے۔ اور اگر چولہا صاف نہ ہو تو کھانا پکانے کو دل نہیں کرتا۔یہ چند آسان ٹپس ہیں جو آپ کی بڑی مشکل کو آسان کر دے گا اور بنائے آپ کے باورچی خانے کو صاف ستھرا اور چمکدار۔
ایک گلاس پانی میں تین چمچ بیکنگ سوڈا ڈال کر مکس کریں اور اس کو ایک اسپرے والی بوتل میں ڈال لیں۔ اب جہاں جہاں تیل کے یا دیگر داغ دھبے موجود ہوں وہاں آپ اسپرے کردیں اور دس منٹ کے لیے چھوڑ دیں اس کے بعد صاف کپڑے کی مدد سے صاف کرلیں اور نیم گرم پانی سے دیوار کو صاف کریں۔
ایک پتیلی میں دو کپ پانی لیں اور اس کواچھی طرح ابال لیں اب اس میں دو چمچ بیکنگ سوڈا اور ایک لیموں کارس ڈال کر خوب پکنے کے لیے رکھ دیں اور نیم گرم ہونے پر برتن دھونے والا لیکوڈڈال کر مکس کریں اور اس محلول سے اپنے چولہے کی صفائی کریں آپ دیکھیں گی کہ چولہا بہت جلد صاف ہوجائے گا اور اس پر کھانے کے نشانات بھی باقی نہیں رہیں گے۔
مائیکرویو کو صاف کرنے کے لئے :
ایک کپ گرم پانی میں لیموں کا رس، بیکنگ سوڈا ، سرکہ مکس کریں اور اس سے اوون صاف کریں ۔آپ دیکھیں گی کہ آپ کا مائیکرویو بھی صاف ہوجائے گا اور اس کی بو بھی جلدی ختم ہوجائے گی۔
برتنوں کو لیٹ دھونے یا رات کے برتن صبح دھونے کی وجہ سے نشانات رہ جاتے ہیں جس کی وجہ سے برتن پرانے لگنے لگتے ہیں۔ اگر آپ کے برتن بھی ایسے ہی ہوگئے ہیں تو یہ ٹپ لازمی آزمائیں :
ایک کپ گرم پانی میں دوچمچ نمک ملائیں ، اس میں سرکہ اور کپڑے دھونے والا سرف مکس کریں اور اس سے اپنے برتن دھوئیں ضدی داغ بھی جلد ختم ہوجائیں گے اور برتن بھی چمک اٹھیں گے۔