صابن شیمپو کو ہم روزمرہ زندگی میں ہاتھ یا منہ دھونے کے لیے استعمال کرتے ہیں لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ جلد صاف کرنے کے ساتھ ساتھ یہ صابن اور کیا کچھ کرسکتا ہے؟ہوسکتا ہے آپ کو اس بات کا یقین تو نہ آئے لیکن صابن مکھیوں کو گھر سے دور رکھ سکتا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ سلائی آسان بناتا ہے اور اس طرح کے اور بھی بہت سے کام کرسکتا ہے، جس کا آپ نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔ یہاں ہم آپ کو اس کے ایسے فوائد بتائیں گے جنہیں جان کر آپ یقیناً حیران رہ جائیں گے۔
صابن آئرن کی پتیلی کو آگ پر کالا ہونے سے بچاتا ہے :
اکثر بڑے پکوان بنانے کے لیے بڑی بڑی پتیلیوں کا استعمال کیا جاتا ہے اور عام طور پر کھانا تیز آنچ پر بنانے کی وجہ سے اس کے نیچے کالی تہہ بننا شروع ہوجاتی ہے ۔ جس کی صفائی کرنا آہستہ آہستہ ناممکن ہوجاتا ہے۔ پتیلی کو کالا ہونے سے بچانے کے لیے صابن کو پتیلی کے نیچے والے حصے پر رگڑیں اور پھر چولہے پر رکھ دیں۔ اس طرح کرنے سے پکانے کے بعد پتیلی کی صفائی بہت آسان ہوجاتی ہے۔
صابن پودوں کو کیڑوں سے محفوظ رکھتا ہے:
صابن کا ایک ٹکڑا کسی پانی والے برتن میں ڈال کر اس کی جھاگ بنا لیں ۔ جب پانی جھاگ دار ہوجائے تو اس سلوشن کو ایک اسپرے والی بوتل میں ڈال کر پودے کے پتوں پر چھڑک لیجیے۔صابن سلائی کو آسان بناتا ہے،کچھ قسم کے کپڑوں سے سوئی کو گزارنا مشکل ہوتا ہے ۔ تو اس کپڑے پر سلائی کو آسان بنانے کے لیے سوئی کو صابن میں گھونپ لیں۔
صابن زپ کو بھی ٹھیک کرتا ہے:
اگر زپ خراب ہو گئی ہو تو اسے ٹھیک کرنے کے لیے صابن کو زپ پر رگڑیں اور پھر کمال دیکھیں ۔صابن انگلی میں تنگ ہو جانے والی انگوٹھی کو نکال دیتا ہے ۔اگر انگلی میں انگوٹھی پھنس جائے اور تکلیف کا احساس بھی ہورہا ہو تو اس انگوٹھی کو نکالنے کے لیے صابن کو انگلی پر رگڑ لیں اور جھاگ بنا لیں انگوٹھی پھسل کر خود ہی نکل جائے گی۔
صابن بدبو دار جوتوں کی بو کو بھی دور کرتا ہے:
اگر جوتوں میں بدبو رچ بس گئی ہو تو ایک عدد صابن جوتوں کے اندر رکھ دیں اور رات بھر کے لیے ایسے ہی چھوڑ دیں ۔ صبح تک بو خود ہی غائب ہو جائےگی۔صابن لباس سے بدبو کو دور کرتا ہے ۔
اپنے کپڑوں کو گرمیوں میں بدبو سے بچانے کے لیے پیکٹ میں بند صابن کی ٹکیہ الماری میں رکھ لیں ۔ کپڑوں سے بدبو تو دور ہو گی ہی ساتھ ساتھ الماری سے کیڑوں کا بھی خاتمہ ہو جائے گا ۔صابن کیڑوں کے کاٹنے سے ہونے والی خارش کو دور کرتا ہے ۔
اگر خدا نخواستہ آپ کو کسی کیڑے نے کاٹ لیا ہے اور اس کاٹے پر جلن محسوس ہورہی ہے خاص طور پر سونے کی کوشش کے دوران، تو صابن کو ایک بار متاثرہ حصے پر رکھ دیں اور خوب رگڑیں اس سے جلن میں فوری طور پر سکون محسوس ہوگی۔صابن مکھیوں کو دور بھگاتا ہے ۔صابن کا پانی متعدد طریقوں سے ہمارے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے۔
خاص طور پر مکھیاں ختم کرنے کے لیے، صابن کا ایک ٹکڑا لے کر ایک باﺅل پانی میں ڈال لیں اور اس باؤل کو کسی لائٹ کے نیچے رکھ دیں۔ مکھیاں اس پانی کی جانب خود بخود کھینچی چلی آئیں گی اور پھر اس پانی میں ڈوب کر آخر مرجائیں گی ۔ یہ طریقہ گھر کے مختلف حصوں میں اپنا کر ہم ان کیڑوں مکوڑوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں ۔