السی کے بیج نہ صرف آپ کے جسم کے لیے بلکہ آپ کی جلد کے لیے بھی بہت حیرت انگیز ہوتے ہیں، اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس آپ کی جلد کو سخت ہونے، یا خشک موسم اور دھوپ، تپش میں جھلسنے سے روکنے میں مدد کرتے ہیں۔
السی کے بیج میں فیٹی ایسڈز موجود ہوتے ہیں جو آپ کی جلد میں نمی کو برقرار رکھتے ہوئے جلد میں نئے سیلز کی نشوونما کو فروغ دیتے ہیں، السی کے بیجوں کو ”سپر فوڈ’ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ آپ کے جسم کے لئے باہر اور اندر دونوں ہی صورتوں میں ایسے غذائی اجزاء فراہم کرتے ہیں جو کہ آپ کی خوبصورتی اور صحت دونوں کے لئے ہی انتہائی مفید ہیں۔
السی کے بیج کا جیل
دو کپ پانی لے لیں، اس میں آدھا کپ السی کے بیج شامل کریں اور چولہا جلا دیں اور اسے دھیمی آنچ پر پکنے دیں، بار بار چمچ چلاتے رہیں۔
جیسے ہی یہ پانی جیل میں تبدیل ہو جائے تو چولہا بند کر دیں اور اسے ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں، اب کسی باریک کپڑے سے چھان کر السی کے بیج الگ کر لیں اور اس کا جیل کسی ائیر ٹائیٹ بوتل میں بھر لیں۔
اب اس جیل کو اپنے ہاتھوں، چہرے اور گردن پر روئی کی مدد سے لگائیں اور 30 منٹ کے لئے ایسے ہی چھوڑ دیں، پھر نیم گرم پانی سے چہرہ اور ہاتھ دھو لیں، آپ اس جیل کو ایک ماہ تک فریج میں مخفوظ کر سکتے ہیں۔
السی کے بیجوں کا گھر میں بنایا ہوا خالص جیل استعمال کر کے آپ روکھی، سوکھی اور پھٹی ہوئی جلد سے نجات حاصل کر سکتے ہیں اس جیل کے استعمال سے آپ کی جلد میں قدرتی نمی آئے گی ۔جلد نرم و ملائم اور ترو تازہ ہو جائے گی۔
السی کے بیج کا فیس پیک
السی کے بیجوں کا فیس پیک استعمال کرنے سے نہ صرف آپ کی جلد سے جھریاں اور جھائیاں دور ہوں گی بلکہ آپ کی جلد ایک دم صحت مند، جوان اور چمکدار ہو جائے گی۔
ایک کھانے کے چمچ السی کے بیج کو ایک کپ پانی میں رات بھر بھگو دیں، اب اگلی صبح اس میں 1 چمچ شہد، 1 چمچ چاول کا آٹا، 1 وٹامن ای کا کیپسول اور آدھا چائے کا چمچ زیتون کا تیل شامل کریں۔
اسے اچھی طرح سے مکس کر کے پیسٹ بنا لیں، آپ کے لیے بہترین فیس پیک تیار ہے۔ چہرے اور گردن پر لگائیں اور 30 منٹ کے لئے ایسے ہی چھوڑ دیں۔
اب نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں اور پھر اس فیس پیک کا کمال دیکھیں، آپ یہ پیک بنا کر 2 دن تک کے لیے رکھ بھی سکتے ہیں اور اس کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔